لاہور(پ۔ر)تحریک آزادی کے نام ورراہنما مولاناظفرعلی خان کی شاعری ہماری قومی جدوجہدکی منظوم تاریخ ہے ۔اس لیے اس کی حفاظت کرکے ہم اپنی قومی جدوجہدکی ساری تاریخ کو محفوظ کرسکتے ہیں۔یہ بات حال ہی میں ادارہ تالیف وترجمہ پنجاب یونی ورسٹی اور مولاناظفرعلی خان فاونڈیشن لاہورکے اشتراک سے شائع ہونے والی کتاب "قومی جدوجہدکی منظوم تاریخ"میں کہی گئی ہے ۔اس کتاب میں مولاناظفرعلی خان کے تمام شعری مجموعوں بہارستان نگارستان چمنستان،خیالستان،خمستان حجاز، حبسیات اور ارمغان قادیان کی مکمل تاریخ بیان کی گئی ہے اور مولاناکے کل کلام کا جامع اشاریہ تیارکرکے پیش کیاگیاہے ۔اس اشاریے کی مددسے مولاناظفرعلی خان کے تمام شعری مجموعوں میں شامل کسی بھی مصرعے کی مددسے ان کے مکمل شعرمتعلقہ نظم اور کتاب تک پہنچاجاسکتاہے اور یہ اشاریہ مولاناکے مجموعوں کی کسی ایک اشاعت تک محدودنہیں بلکہ اس میں مولاناکے مجموعوں کی اب تک سامنے آنے والی تمام اشاعتوں کا احاطہ کیاگیاہے ۔گیارہ سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ کتاب معروف ظفرشناس ڈاکٹرزاہدمنیرعامراور حافظ محمدسعدعبداللہ کی کاوش کا نتیجہ ہے ۔پنجاب یونی ورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالدمحمود اور مولاناظفرعلی خان فاونڈیشن کے چیرمین معروف بیوروکریٹ اور سابق صوبائی محتسب جناب خالدمحمود نے اس کتاب کی اشاعت پر ادارہ تالیف وترجمہ اور اس کے سربراہ کو مبارک بارپیش کی ہے ۔ |