Estb. 1882

University of the Punjab

News Archives

Press Release

ادارہ زبان و ادبیات اردو پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن کے اعزاز میں تقریب

ادارہ زبان و ادبیات اردو پنجاب یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحسن کے اعزاز میں تقریب


٩، اکتوبر ٢٠٢۴ء بروز بدھ انجمنِ اردو کے زیر اہتمام اوری اینٹل کالج پنجاب یونیورسٹی لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر ضیاالحسن,صدر نشین ، ڈاکٹر جمیل جالبی چئیر کی تخلیق ، تنقید اور تحقیق پر خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ان کی شاعری، تنقید اور تحقیقی کارناموں پرڈاکٹر امجد طفیل ، پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی ، ڈاکٹر محمد نعیم ورک اور ڈاکٹر ظہیر عباس نے بھر پور گفتگو کی ۔نظامت کے فرائض مشتاق احمد خان نے سر انجام دیے۔
ڈاکٹر ضیاالحسن کے فکشن پر لکھے مضامین کے حوالے سے ڈاکٹر ظہیر عباس نے گفتگو کی۔
ڈاکٹر محمد نعیم ورک نے ان کی غزل پر لکھی گئی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ضیاالحسن نے ولی دکنی سے لے کر آج تک کی شاعری کو پڑھ رکھا ہے ۔ اردو غزل کے بارے ان کی تنقیدی رائے ان کے وسیع مطالعہ پر استوار ہے ۔
ڈاکٹر خالد محمود سنجرانی نے اپنی گفتگو میں ڈاکٹر ضیاالحسن کے شعری سفر کا احاطہ کیا ۔ انہوں نے کہا ضیاالحسن کی شاعری میں برگدوں کی ٹھنڈی چھاؤں اور کنوؤں کے میٹھے پانیوں کا احساس ہوتا ہے ۔ ان کے ہاں بڑی شاعری ، بڑے موضوعات اور بڑے انسان کی بات ہے اور وہ بڑا انسان خود ضیاالحسن ہے.
ڈاکٹر امجد طفیل نے ڈاکٹر ضیاالحسن کے راشد پر گراں قدر کام کو سراہا اور اس بات کی خواہش کی کہ راشد کے کلام کی از سرِ نو تدوین ہونی چاہیے اور اس کام کو کرنے کی قابلیت صرف ضیاالحسن کے پاس ہے ۔
ڈاکٹر محمد کامران ،ڈین / ڈائریکٹر نے ادارے میں ان کی بطور استاد خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں ڈاکٹر ضیاالحسن نے اپنی نظمیں سنا کر سامعین کو محظوظ کیا ۔
پروگرام میں ادارہ زبان و ادبیات اردو کے طلباء و طالبات کے علاؤہ دوسری جامعات اور کالجز کے اساتذہ نے بھرپور شرکت کی ۔